• news

انفورسمنٹ اتھارٹی کیلئے قانونی کارروائی جلد مکمل کرنے کا حکم، مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیر متزلزل: مریم نواز

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لئے قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا  ہے۔ انفورسمنٹ اتھارٹی کی مانیٹرنگ کا فول پروف میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی  کی زیر صدارت  اجلاس میں انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لئے مجوزہ قوانین اور رولز میں ترمیم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مجوزہ سٹرکچر کے بارے میں  بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی قائم ہوگی۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ بنے گا۔ تحصیل کی سطح پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ افسر قانون کے نفاذ کو یقینی بنائے گا۔  ہیئرنگ افسر تحصیل کی سطح پر اپیل سن کر فیصلہ دے گا۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی مہنگائی کے خاتمے کے لئے موثر کردار ادا کرے گی۔ تحصیل میں انفورسمنٹ افسر سمیت 40 اہلکار اشیائے صرف کے نرخ کی مانیٹرنگ اور کارروائی کریں گے۔ عوام کی شکایات پر بھی گرانفروشوں کے خلاف موثر کارروائی ممکن ہوگی۔ تحصیل کی سطح پر چار ایپلٹ فورم پر فیصلے کے لئے ٹائم لائن مقرر ہوگی۔ مووایبل تجاوزات کو ہٹا کر گلیاں بازار وسیع کیے جائیں گے۔ غیر منقولہ تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لئے تحصیل انفورسمنٹ افسر کارروائی جاری رکھے گا۔ 200سال کے بعد انتظامی نظام میں عوامی مفادات کے تحت تبدیلی لائی جارہی ہے۔ پی ای آر اے میں ارکان اسمبلی، ڈی جی، انتظامی سیکرٹری اور 4 آزاد ارکان شامل ہوں گے۔  ڈسٹرکٹ کی سطح پر ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔ تحصیل کی سطح پر انفورسمنٹ افسر کارروائیوں اور مانیٹرنگ کے ذمہ دار ہوں گے۔ انفورسمنٹ افسروں کو ایک ماہ کی خصوصی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔  کارکردگی کا ماہانہ جائزے کا سسٹم بھی وضع کیا جائے گا۔ تجاوزات ہٹانے پر ہونے والے اخراجات بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے وصول کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو عوام کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ دوسری جانب مریم نوازشریف نے ورلڈ سپورٹس جرنلسٹ ڈے پر پیغام میں کہا ہے کہ سپورٹس جرنلسٹ کھیل کے جوش و خروش کو ہم تک پہنچاتے ہیں۔ نوجوانوں میں سپورٹس کا جذبہ بیدار کرنے کے لئے سپورٹس جرنلسٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب خاص طور پر لاہور میں سپورٹس جرنلسٹ کی رپورٹنگ قابل تعریف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن