• news

امریکی سفارتخانے میں آزادی تقریب، کشمیریوں کی امیدیں امریکہ سے وابستہ: احسن اقبال 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے امریکہ کے یوم آزادی کی مناسبت سے امریکی سفارت خانہ کی تقریب میں خطاب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے 248 ویں یوم آزادی پر امریکی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انسانی مساوات کی بنیاد تمام ادیان، قرآنی احکامات اور پیغمبر محمد کی تعلیمات میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا نہ ان پر سمجھوتہ ممکن ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اتنے ہی پرانے ہیں جتنا خود پاکستان، حال ہی میں امریکی عوام کی کرکٹ کے کھیل میں گہری دلچسپی دیکھی گئی، کشمیری عوام حق خود ارادیت کیلئے اور پاکستانی عوام غزہ میں جنگ اور تشدد کے خاتمے کے لیے امریکا سے توقعات وابستہ کئے بیٹھے ہیں۔"میڈ اِن یو ایس اے"  کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں امریکہ اور پاکستان کے مابین پائیدار شراکت داری کو اجاگر کیا گیا اور دونوں ممالک کے اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ وہ اپنے شہریوں کو خوشحال مستقبل فراہم کر سکیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے ترقیاتی منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن