دھرنے کیلئے اسلام آباد داخلے سے روکا تو پلان بی اور سی ہے: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیٹ نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 12جولائی کو اسلام آباد میں بیٹھنے کا اعلان کیا، اٹھنے کا نہیں۔ داخلے سے روکا تو ہمارے پاس پلان بی اور سی موجود ہے۔ جماعت اسلامی کے تحت اب تک ہونے والے مظاہرے وارم اپ میچز تھے، اصل میچ اب ہو گا۔ ذاتی مقاصد کے لیے نہیں عوام کے حق کے لیے پْرامن تحریک مزاحمت کا آغاز کر رہے ہیں۔ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فارم 47 کی پیداوار اور بوٹ پالشیے عوام کو ریلیف دیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ وہ منصورہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں نئے الیکشن کی ضرورت نہیں، فارم 45 کی صورت میں لیگل ڈاکومنٹ موجود ہے۔ اسی پر نتائج کا اعلان کیا جائے، جماعت اسلامی کسی سیاسی پارٹی سے اتحاد کر کے دھرنا نہیں دے رہی، سیاسی پارٹیاں ویسے بھی اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہیں، کوئی دھرنے میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے منع نہیں کریں گے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کینیا میں کیا ہوا، بہتر یہی ہے شہباز شریف ریلیف دیں ورنہ قوم بپھر جائے گی۔ کربلا کا پیغام یہی ہے کہ ظلم کے خلاف جدوجہد برپا کی جائے۔ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں دوبارہ الیکشن کراؤ تاکہ نئی ڈیل ہو۔