مریم نواز کی کامیابی کیخلاف اپیل، فارم 45 کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم
لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے لاہور کے حلقہ پی پی 159 سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عام انتخابات میں کامیابی کیخلاف دائر اپیل پر الیکشن کمیشن کو فارم 45 کا ریکارڈ 23 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن کو فارم 45 کا اصل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت دیدی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ فارم 45 پر پریذائیڈنگ افسر کے دستخط ہوں گے، دیگر حلقے کے امیدواروں کے پاس بھی وہی فارم ہوگا پھر فارم 45 ویب سائٹ پر اپلوڈ کیوں نہیں ہوئے؟ مخالف امیدوار مہر شرافت نے موقف اپنایا کہ لاہور کے حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کی جیت کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا اسے معطل کیا جائے، مریم نواز کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اپیل قابل سماعت نہیں ہے۔ جسٹس انوار حسین پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے این اے117لاہور سے علیم خان کی کامیابی کانوٹیفیکیشن روکنے کیلئے انتخابی عذرداری پر سماعت 25جولائی تک ملتوی کردی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو ریکارڈ پیش کرنے کیی مہلت دے دی۔