آئی ایم ایف کے تیار کردہ بجٹ کے اثرات آنا شروع ہوگئے،بیرسٹر سیف
پشاور (آئی این پی ) مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے تیارکردہ وفاقی بجٹ کے اثرات آنا شروع ہوگئے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے مالی سال کے پہلے دن عوام پر پٹرول بم گرا دیا، راج کماری مریم نے اپنے چچا شہباز شریف کے چور ہونے پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ راج کماری کا قول ہے جب پٹرول اور بجلی مہنگی ہو تو سمجھو ملک کا وزیراعظم چور ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپی کے کا کہنا تھا کہ پٹرول اور بجلی دونوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پٹرول کی نئی قیمتوں سے پہلے سے بے قابو مہنگائی اب بے لگام ہو جائے گی، یہ تو آئی ایم ایف بجٹ کی شروعات ہے آگے آگے دیکھ ہوتا ہے کیا۔