• news

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی چوروں کیخلاف مہم، پولیس متحرک، مقدمات اور گرفتاریاں

لاہور؍ نوشہرہ ورکاں/ننکانہ صاحب/ کامونکی؍ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندگان)  لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے، اس سلسلے میں سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 53 ہزار 918 مقدمات درج کرتے ہوئے 28 ہزار 393 ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔  آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور سمیت ہر ضلع میں 660 پولیس اہلکار بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ گیپکو گوجرانوالہ ریجن جام محمد یوسف کی ہدایت پر گیپکو ڈویژن نوشہرہ ورکاں میں ایک ماہ کے دوران چاروں سب ڈویژنوں میں بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران 54 افراد بجلی چوروں کیخلاف مقدمات کے اندراج کے علاوہ بھاری ڈی ٹیکشن بل بھی ڈالے گئے۔ کامونکی میں صدر پولیس نے گیپکو کی درخواستوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے محلہ حبیب پورہ کے ذوالفقار اور اشرف آباد کے آصف کیخلاف مقدمات درج کر لئے۔ علاوہ ازیں  فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری  رہا۔  گزشتہ روز مزید 35بجلی چور پکڑے گئے جن کو ایک لاکھ 12ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 41لاکھ 79ہزار سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔بجلی چوری میں ملوث مزید 12 لیسکواہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو افسر لیسکو شاہد حیدر نے بجلی چور میں ملوث 12 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے جن میںسٹی سب ڈویژن ننکانہ کے میٹرریڈر محمد اکمل جبکہ سیدوالہ سب ڈویژن کے میٹرریڈرعبداللہ اورمیٹرریڈرمنظورحسین کوملازمت سے فارغ کیاگیا جبکہ پنواں سب ڈویژن کے اے ایل ایم محمد عدنان اورموڑکھنڈا سب ڈویژن کے اے ایل ایم/کورٹ کلرک حافظ گلبازبھی ملازمت سے برخاست ہونیوالوںمیںشامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن