اقوام متحدہ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق ورکنگ گروپ رپورٹ کی ذمہ د اری لینے سے انکار
نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے متعلق ورکنگ گروپ کی رپورٹ کی ذمہ داری لینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا ہے ورکنگ گروپ کی پاکستان سے متعلق رپورٹ ایک آزاد پینل کی سفارشات ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں پاکستان کی سیاست اور بانی پی ٹی آئی کی صورتحال میں مزید مثبت تبدیلی آئے۔ ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی حراست کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بھی قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں حکومت پاکستان سے کہا گیا تھا کہ ورکنگ گروپ کو پاکستان آکر بانی پی ٹی آئی کے قید میں حالات کی تحقیقات کی اجازت دی جائے۔