• news

فواد چودھری سے تنقید نہ کرنے کی درخواست، بانی پی ٹی آئی نے ناراض ارکان کو آج بلا لیا

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ناراض ارکان قومی اسمبلی کو آج   ملاقات کیلئے بلا لیا۔ بانی پی ٹی آئی سے آج اپوزیشن لیڈر عمرایوب، قائدحزب اختلاف سینٹ شبلی فراز اور رئوف حسن ملاقات کریں گے، شہریار آفریدی، شیر افضل مروت‘جنید اکبر اور شاندانہ گلزار کی ملاقات بھی متوقع ہے۔  بانی پی ٹی آئی نے مبینہ فارورڈ بلاک اور اختلافات کی خبریں آنے پر  دونوں گروپوں کو آج اڈیالہ جیل طلب کیا ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کی قیادت نے تاحال ملاقات کرنے والے رہنمائوں کی فہرست مرتب نہیں کی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ملاقات کیلئے فہرست جب فائنل ہوگی تو آگاہ کر دینگے۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کو ڈرائیور لیول کا کہہ دیا۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے شیر افضل مروت نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چوہدری کا حق نہیں بنتا کہ وہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقید کریں، انہوں نے کہا پولیس کو دیکھ کرفواد چودھری کے ہتھنی کی طرح بھاگنے کے عمل نے پوری پی ٹی آئی کا سر شرم سے جھکا دیا تھا۔ دوسری جانب فواد چوہدری نے سابق آرمی چیف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اچھے آدمی ہیں، انکے خلاف  بات نہیں  کی نہ کرنا چاہتا لیکن ان سے ملکر پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے یہ سب کیوں کیا۔ جنرل باجوہ سے کہا تھا کہ الیکشن کروا دیں لیکن انہوں نے (ن) لیگ سے کہا کہ الیکشن نہیں کروانے۔ موجودہ آرمی چیف سے ہمارا رابطہ ہوجاتا تو چیزیں خراب نہ ہوتیں۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری سے رابطہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت نے فواد چودھری سے موجودہ قیادت پر تنقید نہ کرنے کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق فواد چودھری نے کہا کہ موجودہ پالیسی کے تحت بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن نہیں، ہمارا ایجنڈاانہیں جلد رہا کرانا، عوامی مینڈیٹ واپس دلانا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن