لوگ لاپتہ ہو رہے ہیں، یہاں کون آئے گا، وزیراعظم کو بلائیں: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ) لاپتہ افراد کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریوں کی عدم بازیابی پر سیکریٹری دفاع، داخلہ، چیف کمشنر اور پولیس افسران پر جرمانوں کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔ لاپتہ آئی ٹی ایکسپرٹ ساجد محمود، عمر عبد اللہ، مدثر نارو و دیگر کی بازیابی کیس میں سنگل بینچ کی جانب سے شہریوں کی عدم بازیابی پر سیکریٹری دفاع، داخلہ، چیف کمشنر اور پولیس افسران پر جرمانوں کے خلاف اپیلوں پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب کوئی خوشخبری ہے، لاپتہ افراد آگئے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق تاحال پیش رفت نہیں۔ لاپتہ شہریوں کی عدم بازیابی پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہم ہوگئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ کئی کئی سال گزر گئے ہیں، کہاں ہیں لاپتہ افراد، ہر بار آپ آکر کہہ جاتے ہیں کہ پروگریس ہو رہی ہے، کتنا وقت دیں آپ کو آپ ہر بار وقت مانگ لیتے ہیں، ہم کیا کریں ، پھر جو جرمانہ عائد ہوا اسے ڈبل کر دیتے ہیں، کیا کریں پھر وزیر اعظم کو بلا لیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایک کام کرتے ہیں سپریم کورٹ کو بھیج دیتے ہیں، آپ ایک کام کریں جو کام آپ نے ہمارے ساتھ کیا۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ایک ماہ کا مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اسپیشل بینچ کبھی کبھی لگتا ہے ہر مرتبہ آپ کی نئی کہانی ہوتی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس میں کہا کہ آپ نے کہا تھا اپیل قابل سماعت نہیں ہے وہ کس بنیاد پر کہا ؟ آئین کے مطابق سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہونا چاہیے ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور افسران کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج ہیں، رٹ پٹیشنز کی سنگل بینچ میں سماعت ہوگی۔ لاپتہ افراد کیس میں ہی عدالت نے لاپتہ ساجد محمود کی اہلیہ کی درخواست پر جسٹس اطہر من اللہ کا 2018 کا فیصلہ برقرار رکھا اور وفاقی حکومت کی فیصلے کے خلاف اپیلیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے 2018 کے سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ضمیر الحسن شاہ، چیف کمشنر ذوالفقار حیدر، آئی جی اسلام آباد خالد خان خٹک اور ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد کا ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ بحال کر دیا۔ ایس ایچ او پولیس قیصر نیاز کو کیا گیا تین لاکھ روپے کا جرمانہ بھی بحال کر دیا گیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا حکومت کی پوزیشن دیکھنا چاہتا ہوں ،کیا یہ ہے کہ جنہیں اٹھانا ہے، اٹھائیں گے اور جو مر جاتا ہے تو مرتا رہے، جو زندہ ہے وہ زندہ رہے، ہم یہ کرتے رہیں گے۔ پاکستان میں لوگ لاپتا ہو رہے ہیں یہاں کون آئے گا؟۔ عدالت نے کہا کہ آپ امید کر رہے ہیں ڈالر 280 سے نیچے آئے گا۔ وہ کیوں آئے گا جب یہاں یہ ہو رہا ہے۔ کمیشن میں کوئی ایسے لوگ تو آئیں جو پاکستان کو بدنامی سے بچائیں۔ ججز جب قانون کے تحت کام کرتے ہیں تو ہمارے خلاف ہو جاتے ہیں کہ تم نے قانون کے مطابق کیسے کام کیا۔ ہم ہر چیز کے لیے تیار ہیں ہم یہاں پبلک سروس کے لیے بیٹھے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے لاپتا افراد کیس میں معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلی آرڈر پاس کریں گے۔