الیکشن کمشن فیصلے کیخلاف احتجاج کا مقدمہ، بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود بری
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ جنرل رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر 8 جولائی تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ 12 جولائی تک اپیلوں پر فیصلہ کرنا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مسلم فیملی لا کے سیکشن 7 کا حوالہ دیا جس پر جج نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ اس کیس میں سیکشن 7 لاگو نہیں ہوتا۔ سلمان اکرم نے مسلم لا کے حوالے سے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دئیے اور کہا کہ فیملی لا ذاتی قانون کا حصہ ہے اس لیے ایسے کیسز شریعت کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اگر یونین کونسل کا پروسیجر مکمل نہیں بھی ہوتا تو طلاق موثر ہو جائے گی۔ سلمان اکرم راجہ نے خاور مانیکا کے نجی ٹی وی کے انٹرویو کا حوالہ دیا اور کہا کہ خاور مانیکا بشری بی بی کو پاک باز اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روحانی تعلق کا کہہ رہے ہیں، عدت مکمل ہونے کے مختلف حوالہ جات موجود ہیں، عدت کے 39 دن بھی قابل قبول ہیں اور تین پریڈز بھی مکمل ہونا شامل ہیں۔ جج نے استفسار کیا کہ آپ کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ کو یہ ریفرنس ماننے چاہیے تھے یا ثبوت مانگے جا سکتے تھے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جی اگر یہ دو ریفرنس نہیں مانے تو عدالت کی جانب سے ثبوت مانگے جا سکتے تھے، عدالت کے پاس ثبوت پر نظر ثانی کرنے کا موقع تھا۔ فاضل جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کی ججمنٹ ہے جس میں 90 دن دورانیے کا ذکر ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حتمی ججمنٹ سپریم کورٹ کی ہی تصور ہو گی۔ بشری بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ میں تھوڑی دیر کے لیے دلائل دوں گا۔ سلمان اکرم راجہ نے عدت کے دورانیہ پر دلائل دیے ہیں، میں سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کے عدت کے دورانیہ پر دیے گئے دلائل اپناتا ہوں۔ فاضل جج نے کہا کہ 8 تاریخ تک کوشش کریں کیس مکمل ہو جائے۔ دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج یاسر محمود نے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں عمران خان، شاہ محمود قریشی و دیگر ملزموں کو بری کر دیا۔ الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ملک اعجاز آصف نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں ملوث تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی جانب سے اپنے صاحبزادوں سے ملاقات کے لئے دائر درخواست کی سماعت مزید کارروائی کے لئے 5 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔