• news

ہائیکورٹس چیف جسٹس تقرریوں پرپاکستان پنجاب بار سمیت4وکلاء تنظیموں کا خیرمقدم،خیبر پی کے بار کے تحفظات

اسلام آباد‘پشاور(خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی تعیناتیوں کے معاملہ پرپاکستان بار کونسل نے جوڈیشل کمشن کی سفارشات کو قابلِ ستائش قرار دے دیا۔ جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں صوبائی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اہل،قابل اور آزاد ججزہیں۔سیکرٹری پاکستان بار کونسل ریاضت علی نے اپنے ایک بیان میں جوڈیشل کمشن کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے جسٹس عالیہ نیلم‘ جسٹس شفیع صدیقی کو متفقہ نامزدگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔اسی طرح پنجاب بارکونسل نے بھی لاہور ہائیکورٹ کو تاریخ میں پہلی خاتون بننے پر مبارکباد دی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امید ہے جسٹس عالیہ نیلم انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گی جبکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہالپور نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون چیف جسٹس بننے پر جسٹس عالیہ نیلم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔علاوہ ازیں خیبرپی کے بار کونسل نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے کہا کہ 2سینئر ججز کو نظرانداز کرکے جونیئر جج کو چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ تعینات کیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان آئین وقانون کی پاسداری کرتے ہوئے پرانے مؤقف پر قائم رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن