پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کا گیٹ پر علامتی اجلاس، نعرے، یہ پی ٹی آئی نہیں، 9 مئی کے دہشتگرد ہیں: عظمی بخاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر اپوزیشن نے علامتی احتجاجی اجلاس منعقد کیا جس کے دوران ارکان اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔ علامتی احتجاجی اجلاس کے سلسلے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر اسمبلی گیٹ پر پہنچ گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ہمارے ارکان کی رکنیت جب تک بحال نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔ ایم پی اے اعجاز شفیع نے میڈیا کو بتایا کہ احتجاجی اجلاس میں فارم 45 کے مطابق جیتنے والے ارکان سے حلف لیا جائے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سمیت دیگر رہنما بھی اسمبلی گیٹ پر موجود تھے۔ اسمبلی کے گیٹ پر اپوزیشن نے کرسیاں لگا دیں جہاں اپوزیشن کے ارکان پنجاب اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں کی آمد جاری رہی۔ پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ہے۔ دوسری طرف وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فتنہ پارٹی کے ارکان کو پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر ہلڑ بازی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ جاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فتنہ پارٹی نے احتجاج کرنے کے لیے پورے پنجاب سے عہدیدار اور ہارے ہوئے لوگ اکٹھے کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے اسمبلی ممبران ان کے ساتھ نہیں، فتنہ فساد پارٹی یہی کرسکتی ہے، یہ تحریک انصاف کے ارکان نہیں 9 مئی کے دہشت گرد ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے 4 سال ان کی غنڈہ گردی اور ڈکٹیٹرشپ کو بھگتا ہے، ہمارے ارکان نے ہمیشہ تہذیب اور پارلیمانی روایات کو مدنظر رکھ کر احتجاج کیا۔