• news

صدر کو نادرا سالانہ رپورٹ پیش، عوام کو تحفظ، خواتین کو معاشی خود مختاری دی جائے: زرداری 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے مالی خدمات اور قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی اور بنکنگ شعبے میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک کے گروپ چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خود مختاری سے خاندانوں کی خوشحالی اور ملکی ترقی میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کے فروغ کیلئے اقدامات کیے ہیں، حکومت ِسندھ نے مینگرو و جنگلات لگائے اور عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹس کی تجارت سے زرِمبادلہ حاصل کیا۔ دریں اثناء چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر اختر نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ انہوں نے صدر مملکت کو نادرا کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ آصف علی زرداری سے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ضیاء الحسن لنجار نے صدر آصف علی زرداری کو سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے وزیر داخلہ کو صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان اور مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن