• news

سبزہ زار: چوری کا شبہ، دکاندار کا 9 سالہ بچے پر تشدد، برہنہ کر کے منہ کالا کر دیا 

لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار میں کریانہ سٹور کے مالک نے چوری کے الزام پر 9 سالہ بچے کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس کے مطابق 9 سالہ بچہ گھر سے سامان لینے نکلا تھا۔ کریانہ سٹور کے مالک یوسف نے چوری کے شبے میں بچے پر تشدد کیا اور بچے کا منہ کالا کر کے بازار میں برہنہ کھڑا کر دیا۔ تشدد کا شکار بچہ روتا بلکتا رہا، کچھ شہریوں نے بچے کی مدد  کے بجائے اس کی تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سلمان لیاقت کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے دکاندار ملزم یوسف کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے 9 سالہ بچے پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کو متاثرہ بچے اور لواحقین سے رابطہ کی ہدایت کی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ دکاندار کی جانب سے 9 سالہ بچے پر تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے۔ بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ کمسن بچے کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن