فلور ملز کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے پر تحفظات ، گندم مصنوعات پر ٹیکس وصولی مسترد
لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بجٹ میں گندم کی مصنوعات کی سیل پر ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کیلئے فلور ملز کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔اس امر کا اظہارپنجاب برانچ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے جو فلور ملز ایسوسی ایشن کے دفتر لاہور میں صوبائی چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں مرکزی چیئرمین عاصم رضا احمد سابق چیئرمینوں،عہدِ دارن، منتخب نمائندوں اور فلور ملز مالکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں بجٹ میں گندم کی مصنوعات کی سیل پر ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کیلئے فلور ملز کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اسی طرح کے اجلاس پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے دیگر صوبائی دفاتر بھی میں منعقد کئے گئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی جس کے مطابق تمام عہدداران اور ممبر ایگزیکٹو کمیٹی اپنے اضلاع میں فلور ملز مالکان کی میٹنگ بلائیں گے۔