• news

ڈیلرز کی ہڑتال، اوگرا، پٹرولیم ڈویژن کی مارکیٹنگ کمپنیوں کو پمپس کھلے رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ ) ترجمان اوگرا اور پٹرولیم ڈویژن نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ  تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں اور انہیں کھلا رکھیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج اسلام آباد میں ہڑتال مؤخر کر دی۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار قاضی خالد قریشی کی وفات کے باعث ہڑتال مؤخر کی گئی ہے۔ آج اسلام آباد میں پٹرول پمپس کھلے رہیں گے باقی ملک میں ہڑتال جاری رہے گی۔ دریں اثناء پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)کے رہنماؤں کی اکثریت نے آج کی ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم محاذ آرائی سے قبل تفصیلی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔ ہڑتال کی کال دینے کے بعد مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا اس لئے ملک بھر میں پٹرول پمپ کھلے رکھے جائیں گے۔ ملکی معیشت کا پہپہ جام نہیں کر سکتے۔  پی پی ڈی اے کے ترجمان حسن شاہ نے پٹرولیم ڈیلزر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی احتجاج کئے ہیں۔ ڈی چوک اور فیض آباد کو بھی بند کیا ہے  جبکہ قومی اسمبلی اور سینٹ کے باہر بھی احتجاج کیا ہے مگر دانشمندی مذاکرات میں ہے نہ کہ دھمکیاں دینے میں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ڈی اے راولپنڈی کے رہنما  نعمان علی بٹ کی قیادت میں ایک وفد وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک سے ملاقات کر کے انہیں آگاہ کر چکے ہیں کہ پٹرولیم ڈیلرز پر یا تو فکسڈ ٹیکس لگ سکتا ہے یا نارمل ٹیکس لگ سکتا ہے۔ ایک بزنس پر دونوں قسم کے ٹیکس نہیں لگ سکتے اور اگر ایسا کیا گیا تو یہ غیر قانونی ہو گا جس سے کاروبار بند ہو جائیں گے۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر چئیرمین ایف بی آرسے رابطہ کر کے انہیں مسئلہ ختم کرنے کی ہدایت کی جس پر چئیرمین ایف بی آر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پی پی ڈی اے کے رہنماؤں  بشمول لاہور سے خواجہ عاطف احمد،خانیوال سے  ہمایوں خان،  لیہ سے ظہیر احمد پراچہ،  کراچی سے وسیم بٹ  اور حاجی عبدالکریم، خیبر پختوانخواہ سے حاجی ثواب گل، امجد شینواری اور گوجرانوالہ سے ندیم عزیز خان نے کہا کہ غیر معینہ مدت تک ہڑتال آخری آپشن ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن