پولیو ،ڈینگی کا خاتمہ ،وزرائے صحت کی حساس اضلاعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں اورصوبہ کے تمام 14داخلی اور خارجی پوائنٹس پر پولیو کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پولیو کا مکمل خاتمہ، ڈینگی متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران پولیو ،ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ہمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے الرٹ رہنا ہوگا۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کریں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے متاثرہ اضلاع کیلئے مختلف حکمت عملی اپنائی جائے۔ جبکہ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے مون سون بارشوں اور دریاؤں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔