بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ
پاک بحریہ نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کی فائرنگ کے کامیاب تجربات کیے ہیں۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاک بحریہ کے گرائونڈ بیسڈ ایئر ڈیفنس سسٹم نے ایف این 6 میزائلز کی فائرنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ لائیو ویپن فائرنگ کے دوران پاک بحریہ کے گرائونڈ بیسڈ ایئر ڈیفنس سسٹم نے ہوائی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ کمانڈر کوسٹ نے کامیاب فائرنگ پر پاک بحریہ کے گراؤنڈ بیسڈ ایئر ڈیفنس سسٹم کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان جس خطے میں واقع ہے یہاں سکیورٹی مسائل دنیا کے دیگر خطوں کی نسبت زیادہ ہیں اسی لیے یہاں اپنے وجود کو برقرار رکھنے کے لیے غیر معمولی تیاری اور مہارت کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں، اسلحے کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہونا بھی ہماری بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے۔ اندریں حالات، پاکستان کی مسلح افواج کا مختلف نوعیت کی دفاعی مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے مسلسل مصروفِ عمل رہنا ایک قابلِ ستائش عمل ہے کیونکہ اسی کی مدد سے پاکستان بہت سے بیرونی اور اندرونی مسائل سے نبرد آزما ہونے کے قابل ہوا ہے۔ پاک بحریہ نے جو تجربہ کیا ہے وہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ایسے تجربات پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ مسلح افواج تو ملک کو دفاعی و تزویراتی حوالے سے مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر ہی رہی ہیں۔ اگر معیشت کو بھی اسی طرح ہنگامی بنیادوں پر اپنے پاؤں پر کھڑا کر لیا جائے تو پاکستان واقعی ایک مستحکم ملک بن جائے گا۔