صنعت کارکنوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے پر توجہ نہیں دے رہی،احسن اقبال
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال کی زیر صدارت قومی پیداوری ماسٹر پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے صنعتی شعبے میں جدید اسکلز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہماری صنعت کارکنوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے پر توجہ نہیں دے رہی جو ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا فائیو ایز کے نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن کے تحت پاکستان کی معیشت کو تیزی کے ساتھ بڑھانا ہے۔ اس وقت ملک کو اقتصادی خسارے کا سامنا ہے اور ملک کے ہر شعبے کے خسارے کی جڑ معیشت میں ہے۔احسن اقبال نے کہا ہمیں سرپلس معیشت بننا ہے۔ آئی ایم ایف پلان پر عمل درآمد کے لیے پی ایس ڈی پی میں 250 ارب روپے کا کٹ لگانا پڑا۔ عوام پر ٹیکسوں کا غیر معمولی بوجھ آئی ایم ایف کی وجہ سے پڑ چکا ہے جسے ہٹانے کے لیے ہمیں پی ایس ڈی پی پر 250 ارب کا کٹ لگانا پڑا۔