امریکہ میں گولہ بارود، جنگی ہتھیار بنانے والی فیکٹری دھماکوں سے لرز اٹھی
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی ریاست آرکنساس میں ہتھیار، گولہ بارود، میزائل اور بائیو ٹیکنیکل ہتھیار بنانے والی کمپنی جنرل ڈائنامکس کی فیکٹری میں ہونے والے زور دار دھماکوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ فیکٹری 8 لاکھ 80 ہزار مربع فٹ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں ہتھیاروں کی تیز ترین تیاری کا جدید ترین پلانٹ نصب ہے۔ جس میں 2.75 انچ ہائیڈرا 70 میزائل، ہیل فائر اور جیولن میزائل، ماڈیولر آرٹلری چارج سسٹم اور مارٹر گولہ بارود تیار کیا جاتا ہے۔ اس فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ کے شعلے آسمان تک بلند ہوگئے۔ پراسرار دھماکوں کے نتیجے میں کم سے کم 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص لاپتا ہے۔ آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ فائر ٹینڈرز کی ناکامی کے بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی۔ تاحال فیکٹری میں ہونے والے دھماکوں کی وجوہات اور نوعیت کا پتا نہیں چلایا جا سکا۔