12 جولائی کا دھرنا تاریخی ہو گا، حکومت رکاوٹ نہ ڈالے: جاوید قصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے اور بھاری ٹیکسز کے خلاف 12جولائی کو اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ہونے والے دھرنے میں پنجاب سمیت پورے ملک سے ہزاروں افراد شریک ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں نصراللہ گورائیہ، ضیاء الدین انصاری، وقاص بٹ، چوہدری شوکت، محمد فاروق چوہان اور عمران الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ڈی چوک اسلام آباد کا احتجاجی دھرنا پرامن ہو گا۔ حکومت نے ہمارے پرامن دھرنے کو روکنے کی کوشش کی تو ہمارا یہ احتجاج ملک بھر میں پھیل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں میں اضافے، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور اشرافیہ کی لوٹ مار کے خلاف اپنی ’’حق دو عوام کو۔ حق دو پاکستان کو‘‘ تحریک کا آغاز کر دیا، انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.56 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر کے عوم کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ حالیہ بجٹ آئی ایم ایف اور اشرافیہ کا بجٹ ہے جس کا قوم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔