• news

بجلی صارفین پر پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ ٹیرف چیلنج، اوور بلنگ پر تحقیقات شروع 

لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ میں حکومت کی جانب سے بجلی صارفین پر پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ ٹیرف لگانے کا اقدام چیلنج کردیا گیا۔ درخواست میں وفاقی حکومت، چیئرمین نیپرا، لیسکو و دیگران کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے بجلی کے دو سو یونٹس استعمال کرنے والے صارفین پر پروٹیکٹڈ ٹیرف لگایا، دو سو سے زائد یونٹس استعمال کرنے والے صارفین پر نان پروٹیکٹڈ ٹیرف لگایا گیا، شہریوں پر پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ ٹیرف کا بوجھ ڈال دیا گیا، استدعا ہے کہ عدالت وزرات انرجی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دے۔ دوسری طرف ایف آئی اے لاہور نے پروٹیکٹڈ صارفین کو مبینہ اوور بلنگ پر انکوائری شروع کر دی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق لیسکو کے ڈائریکٹر کسٹم سروسز اور ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ لیسکو افسران سے بلنگ کا ڈیٹا اور دیگر تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اکے لاہور زون کا کہنا ہے کہ اووربلنگ کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی اوور بلنگ کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن