لاہور ، گوجرانوالہ ، اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں پمپس کھلے ہے ، پٹولیم ڈیلز نے ہڑتال موخرکردی
اسلام آباد ‘لاہور ‘کراچی‘گوجرانوالہ‘ قصور (نمائندہ خصوصی +نامہ نگاران+ نیٹ نیوز) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر جاری ہڑتال فوری طور پر مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔ اوکاڑہ‘ سیالکوٹ‘ لاہور سمیت کئی شہروں میں پمپس کھلے رہے۔ قصور میں بند رہے۔ کراچی میں پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا فوری طور پر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کے پھنسنے کے باعث فوری فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہماری گزشتہ روز ایک روزہ ہڑتال کامیاب رہی ہے، لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے کیونکہ موٹر سائیکل والے چل نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مالا کنڈ، سوات اور ہزارہ میں سیاح گئے ہوئے ہیں، اس لیے ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔ لاہور میں ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے ہڑتال کی مخالفت کردی اور کہا ایسے اقدامات سے حل نہیں نکل سکتا بلکہ مذاکرات کا راستہ ہی اختیار کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں 5جولائی سے 13ہزار پیٹرول پمپس بطور احتجاج بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ یہ ہڑتال صفر اشاریہ 5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کی جا رہی ہے۔ اوکاڑہ پٹرولیم ایسوسی ایشن کی طرف سے گزشتہ روز ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا تاہم پیٹرول پمپ مالکان نے اپنے پٹرولیم سٹیشنز کھلے رکھے۔ پٹرولیم ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے ایک ممبر نے صحافیوں سے اپنا نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ حکومت کی طرف سے پٹرول پر کمیشن نہ بڑھانے پر اوکاڑہ پٹرولیم ایسوسی ایشن نے اوکاڑہ میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا مگر گروپنگ ہونے کی وجہ سے کچھ پیٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال نہیں کی جس کے دیکھا دیکھی شہر بھر کے تمام پیٹرول پمپ کھل گئے اور سارا دن عوام پیٹرول حاصل کرتے رہے۔ سیالکوٹ میں پٹرول پمپس ہڑتال کی کال مکمل طور پر ناکام رہی‘ تاہم اکا دکا پٹرول پمپ بند رہے جبکہ زیادہ تر پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل وغیرہ دستیاب تھا۔ قصور و گردونواح کے پٹرول پمپ بند رہے۔ مالکان نے پٹرول و ڈیزل کی فروخت روک دی۔ دفاتر جانے والے افراد، مسافر ، رکشہ سوار اور موٹر سائیکل چلانے والے بھی پٹرول نہ ملنے پر پریشان رہے۔گوجرانوالہ میں پٹرول پمپ کھلے رہے اور شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ضلعی انتظامیہ گذشتہ دو دن سے مسلسل پٹرول پمپس مالکان اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہی اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ان کے ساتھ ایک اجلاس بھی کیا گیا جس میں انتظامی عہدیداران نے پٹرول پمپس مالکان اور ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو ہڑتال نہ کرنے پر قائل کیا۔ سیکرٹری جنرل ڈیلرز ایسوسی ایشن خواجہ عاطف نے کہا ہم سے ہڑتال کے حوالے سے مشاورت نہیں کی گئی۔ سیاسی ایجنڈے کو آگے نہیں بڑھائیں گے۔ ٹیکسکوں کی شرح زیادہ ہے ۔ لاہور شہر کے بیشتر علاقوں جلوموڑ، جی ٹی روڈ، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مغلپورہ، کنٹونمنٹ سمیت شاد باغ، عامر روڈ کے علاقوں کے پٹرول پمپس کھلے رہے۔ صرف راولپنڈی اور اسلام آباد کیلئے ہڑتال کی منسوخی نے دیگر شہروں کے پٹرول پمپس بھی کھلوا دیئے۔ واضح رہے کہ پاکستان پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر قاضی خالد کے انتقال کے باعث جڑواں شہروں میں رات گئے ہڑتال کی کال منسوخ کی گئی ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رات گئے ایک وضاحت جاری کی ہے جس میں یہ کہا گیا ہے انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 236 ایچ کے تحت جو ایڈوانس ٹیکس عائد کیا گیا ہے وہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ڈیلرز پر لاگو نہیں ہو گا۔ فنانس ایکٹ لاگو ہونے کے بعد پہلے یو ٹرن میں ایف بی آر نے پیٹرول پمپس کی ہڑتال کے بعد عجلت میں یہ وضاحت جاری کی۔ واضح رہے کہ اس ایڈوانس ٹیکس کی وجہ سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔ اس سے قبل وزارت توانائی کی طرف سے ایف بی آر کو ایک خط لکھا گیا کہ فوری طور پر سیکشن 236ایچ کی وضاحت کی جائے۔ پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی نے بھی ایک خط لکھا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ فنانس ایکٹ کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ریٹیل آؤٹ لیٹس سے ایڈوانس ٹیکس لیں، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں سیکشن 156 اے کے تحت پہلے ہی ود ہولڈنگ ٹیکس جمع کر رہی ہیں جو کہ ڈیلرز مارجن پر کاٹا جاتا ہے، اور فائنل ٹیکس ذمہ داری کے زمرے میں آتا ہے اس لئے 236 ایچ کے تحت ٹیکس نہیں لیا جا سکتا۔ ڈیلرز کے نمائندے حسن شاہ نے بتایا کہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔