اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے اہم فیصلے، الیکٹرک بسیں چلیں گی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سی ڈی اے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے اہم فیصلے کیے ہیں۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کے لئے سی ڈی اے آئندہ سے صرف الیکٹرک بائیکس خریدے گی۔ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیرداخلہ نے پٹرول موٹر سائیکلز خریدنے پر پابندی عائد کردی۔ اسلام آباد کے شہریوں کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی۔ ایمرجنسی سروسز کو ایم سی آئی سے سی ڈی اے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کیپٹل واسا کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں، کیپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لئے متعلقہ امور کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے کے لیے سرینا چوک انڈر پاس اور ایف نائن پارک چوک فلائی اوور منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ طویل مدت سے زیر التوا ایکسپریس وے کے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار تیز کی جائے گی۔ 7 برس سے تعطل کا شکار اسلام آباد ماڈل جیل پر کام تیزی سے جاری ہے، پہلے مرحلہ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ بزنس فیسلیٹشن سنٹر بنائے جا رہے ہیں جہاں سرمایہ کاروں کو سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔