مردان : پولیس وین کے قر یب دھماکہ ،3افراد جان بحق اہلکار سمیت 8زخمی
مردان+پشاور (نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ) مردان میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ڈی پی او مردان ظہور آفریدی کے مطابق آئی ای ڈی دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا جس میں پولیس اہلکار خاتون اور بچے سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 افراد دم توڑ گئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ڈی پی او مردان نے بتایا کہ بارودی مواد روڈ کنارے پہلے سے نصب تھا اور جیسے ہی پولیس کی گاڑی گزری تو زوردار دھماکا ہوگیا۔اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور نعشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو امدادی کارروائی کے دوران ٹی ایچ کیو تخت بھائی اور ایم ایم سی منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او مردان کے مطابق جلالہ دھماکے میں 3 افراد ج اں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ پولیس گاڑی جلالہ پل سے گزرتے ہی دھماکا ہوا۔ دھماکا دراصل پولیس کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش تھی۔