مہنگائی 1.28فیصد بڑھ گئی آٹا ، دال چاول ، مرغی 29سمیت اشیائ کی قیمتوں میں اضافہ : ادارہ شماریات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی 1.28فیصد بڑھ گئی جبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 23 اعشاریہ 59 فیصد پر پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ رواں ہفتے 5 اشیا سستی اور 17 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔صرف ایک ہفتے میں ٹماٹر 70 اعشاریہ 77 فیصد مہنگے ہوگئے اور ملک میں ٹماٹر کی اوسط فی کلو قیمت 200 روپے سے تجاوز کر گئی۔ بجٹ 25-2024 کی منظوری کے بعد اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 84 روپے کا اضافہ ہوگیا، آٹے کا 20 کلو تھیلا 188 روپے 44 پیسے مہنگا ہوا، دال چنا اور دال مونگ 9 روپے کلو مہنگی ہو گئی۔زندہ مرغی فی کلو 7 روپے اور لہسن فی کلو 8 روپے تک مہنگا ہوا، چینی، دہی، دال ماش، چاول، پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک کمی ہوئی، آلو، انڈے، کیلے اور سادہ بریڈ سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔