• news

ملک کی تمام یونین کونسلوں میں نادرا سینٹر قائم کر دیئے جائیں گے،اعظم نذیر تارڑ  

 اسلام آبا د(این این آئی)وفاقی وزیر قانون انصاف اور پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئندہ اڑھائی سال میں ملک کی تمام یونین کونسلوں میں نادرا سینٹر  قائم کر دیئے جائیں گے۔جمعہ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر فوزیہ ارشد، دنیش کمار، شہادت اعوان اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں کہ انہوں نے کہا کہ ملک میں 11ہزار 777 یونین کونسلیں ہیں، پہلے مرحلے میں شہری علاقوں میں نادراسینٹرز قائم کیے جائیں گے دوسرے مرحلے میں ملک کے دیگر علاقوں تک اس کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا،اڑھائی سال میں ملک کی ہر یونین کونسل میں نادرا سینیٹرز قائم ہو جائیں گے ،شناختی کارڈز کے اجرا کے لیے موبائل وینز کی سہولت دی جا رہی ہے۔ دور دراز علاقوں اورخصوصی افراد کے لیے موٹر بائیکس کی سہولت بھی دی جا رہی ہے اور 16 ہزار سے زائد لوگ اب تک اس سے مستفید ہو چکے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید بہتری آئے گی، آئندہ اڑھائی سال میں پورے ملک میں پاکستان کی ہر یونین کونسل میں بتدریج نادرا سینیٹرز قائم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نادرا نے ملک بھر میں یونین کونسل سطح پر اپنی خدمات بڑھانے کا مرحلہ وار پروگرام بنایا ہے۔پہلے مرحلے میں دس ماہ میں 1150 یونین کونسلز میں نادرا کی تین بنیادی سہولیات فراہم ہو نگی ،دوسرے مرحلے میں چھ ماہ بعد مزید چھ ہزار یونین کونسلز میں یہ خدمات فراہم ہوں گی،آخری مرحلے میں باقی ماندہ 55 سو یونین کونسلوں میں نادرا کی تین خدمات فراہم ہوں گی ،تین خدمات میں چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ، فارم ب ، موت کے سبب قومی شناختی کارڈ کی تنسیخ،قومی شناختی کارڈ کو دوبارہ پرنٹ کرنا شامل ہے۔ وفاقی وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور نے کہا کہ سی ڈی اے کے سیکٹر آئی۔15کا منصوبہ 1994 میں بنایا گیا،بعد میں 2005 اور 2014 میں اس سیکٹر کا لے آئوٹ پلان تبدیل کیا گیا،اب 2014 کے لے آئوٹ پلان کے تحت قبضہ دیا جا رہا ہے،تیس سال بعد اب اس سیکٹر میں پلاٹ الائٹیز کو قبضہ دیا جا رہا ہے۔ آئی ۔15 سیکٹر میں دس ہزار افراد کو پلاٹ الاٹ کئے گئے،اب تک 900 الاٹیز کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں 25 الاٹیز کو قبضہ دے دیا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو کمیٹی میں پیش ہونا چاہئے، سی ڈی اے میں خرابیوں کا اعتراف کرتا ہوں۔  انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کمیٹی میں تیاری کے ساتھ پیش ہوں ورنہ وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن