• news

مذہبی سیاحتی نمائش‘ زائرین کو مقدس سفر میں بہترین سہولیات دینا ہدف: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) انٹرنیشنل ریلجئس ٹورزم فورم کے زیر اہتمام چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر سرپرستی پاکستان میں مختلف اسلامی ممالک کی 56 سے زائد کمپنیوں کی نمائش شروع ہوگئی ہے جس کا افتتاح وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین نے کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری سالک حسین اور حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ریلجئس ٹورزم نمائش سے قومی و بین الاقوامی سطح پر ریلجئس ٹورزم کو فروغ ملے گا اور اس سلسلے میں زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم جائیں گی، ہمارا ہدف خاص طور پر حج و عمرہ زائرین کو حرمین شریفین کے مقدس سفر میں بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے، یہاں دیگر مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں جن کی زیارت کیلئے ان مذاہب کے ماننے والے دنیا کے کونے کونے سے پاکستان کا رخ کرتے ہیں، ان زائرین کیلئے سفری سہولیات، قیام و طعام وغیرہ کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانا اس نمائش کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے انٹر نیشنل ریلجئس ٹورزم فورم کے نمائش منعقد کرنے پر محمد امین اللہ اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور اور حکومت پاکستان ہر مثبت کام میں انٹرنیشنل ریلجس ٹورزم فورم اور ہوپ پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن