• news

بجلی بلوں میں اضافے‘ مہنگائی کیخلاف مرکزی مسلم لیگ کے کئی شہروں میں مظاہرے

لاہور+ سیالکوٹ+ شیخوپورہ+ موڑ کھنڈا (نیوز رپورٹر+ نمائندگان) مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام پریس کلب، شالیمار چوک، اکبر چوک، شنگھائی پل اور بھٹی چوک سمیت دیگر جگہوں پر  بجلی،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے‘ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ٹیکس گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیے گئے۔ جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے مرکزی مسلم لیگ لاہور  کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، تابش قیوم، حافظ نوید، معاذ اشتیاق، عمر فاروق گجر، ریاض احمد احسان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانو ہماری جان چھوڑ دو، تمہاری نااہلی ثابت ہوچکی ہے۔ حکومت اپنی عیاشیوں کو کم کرنے کی بجائے تمام تر بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔ سیالکوٹ میں بھی مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقامی صدر میاں محمد احسان نے بھی خطاب کیا۔ شیخوپورہ میں ضلعی جنرل سیکرٹری میاںحبیب الرحمن کی قیادت میں بجلی ،گیس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی واپڈا کمپلیکس کے سامنے پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی۔ اس موقع پر  شہزاد علی ورک، شاکر اللہ، سردار شمعون بھٹہ، مولانا سلیم اعظم بلوچ، عبداللہ سلیم، ضیاالرحمن، زاہد عزیز، میاں امجد، محمد یونس، اکرم ورک، ثناء اللہ، ابوفراس سمیت پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ مرکزی مسلم لیگ پی پی 135 ننکانہ کے زیراہتمام بجلی اور گیس کے بلوں پر موڑکھنڈا  میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں انس شاہین، ناصر سراء، حافظ عبدالباسط ڈوگر نے خصوصی شرکت کی۔ ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن