واشنگٹن،مسئلہ کشمیر کے بارے میںآگاہی پیداکرنے کیلئے ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے مہم
واشنگٹن (این این آئی) امریکیوں میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے گزشتہ روز (چار جولائی ) امریکہ کے یوم آزادی پر واشنگٹن میں ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے مہم چلائی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق الیکٹرانک سکرینوں سے لیس ڈیجیٹل ٹرک نیشنل مال، کیپیٹل ہل، واشنگٹن مونومنٹ، وائٹ ہاؤس، عجائب گھروں اور مختلف سفارت خانوں جیسے اہم مقامات کے اطراف میںچلائے گئے۔ ٹرکوں کی الیکڑانک سکرینوں پر ’’امریکی یوم آزادی منا رہے ہیں: کشمیری بھارتی قبضے کا مسلسل شکار ہیں،انتخاب نہیں اقوام متحدہ کی قرارداد واحد حل ، کشمیر کی آزادی واحد حل، غلامی کوئی آپشن نہیں ، بھارتی فورسز قتل و غارت کر رہی ہیں، کشمیر کو آزاد کرنے کی ضرورت ہے ،کشمیر کو اپنی بقا کے خطرے کا سامنا ہے، امریکہ کو کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ، بھارت نسل کشی میں ملوث ہے اور کشمیریوں کا واحد مطالبہ استصواب رائے ‘‘ جیسے نعرے چلائے گئے۔ورلڈ کشمیر ایوئیر نس فورم ( ڈبلیو کے اے ایف) کے صدر ڈاکٹر غلام این میر نے اس موقع پر امریکی یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکہ بھارتی قبضے کے خلاف جاری کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کر رہا جس پر ہم اسکے مشکور ہیں۔ڈبلیو کے اے ایف کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے آزادی، مساوات اور انصاف کی امریکی بنیادی اقدار کی عالمی سطح پر توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کر رہی ہے اور آج کشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے حق خود ارادیت کی حمایت میں بین الاقوامی رہنماؤں کے بیانات کا حوالہ دیا اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلے کردار ادا کرے۔