بارش فیصل آباد میں 3جاں بحق : چنل میں سیلاب وار ننگ، اسلام آباد میں ہائی الرٹ
لاہور؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) وفاقی دارالحکومت میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا۔ ممکنہ طغیانی، سیلاب کے خطرے کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ندی نالوں کے اطراف الرٹ جاری کرکے پابندی عائد کر دی گئی۔ کچی آبادیوں میں کوئیک رسپانس کیلئے ریسکیو ٹیموں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری متعلقہ ایریا کی نگرانی کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچیں گے۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی عملہ بھی 24 گھنٹے الرٹ رہے اور فیلڈ میں حاضری یقینی بنائے۔ بارش کے دوران پانی جمع ہونے اور فوری انخلا نہ ہونے پر متعلقہ ٹیم ذمہ دار ہو گی۔ ایمرجنسی کال کی صورتحال میں فوری طور پر موقع پر پہنچنا بھی لازمی ہو گا۔جبکہ وزیرآباد میں پری مون سون کے باعث دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا، دریائے چناب میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ،صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ کا سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید کے ہمراہ دریائے چناب کے مقام پر بنائے گئے خانکی اور قادرآباد بیراج کا دورہ انتظامات کا جائزہ ، انتظامیہ کو بریفنگ لینے کے بعد ہدایات جاری کیں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز چدھڑ نے محکمہ انہار کے حکام کے ہمراہ صوبائی وزیر کو انتظامات بارے آگاہ کیا حالیہ بارشوں کے باعث دریائے چناب میں درمیانے سے اونچے درجہ کے سیلاب کا خدشہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے دریائے چناب سے ملحق بیلہ کے دیہی علاقوں میں مویشی پال افراد اور رہائشیوں کو الرٹ رہنے و محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے محکمہ جات کو الرٹ رہنے و ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔فیصل آباد میں بارش کے دوران چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے دو کمسن بچیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، تفصیل کے مطابق نڑ والا روڈ مدن پورہ چوک میں 40 سالہ ایوب ساکن گلی نمبر اکیس رصا آباد دکان کھولنے لگا تھا، شٹر میں کرنٹ آ جانے کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جان بحق ہو گیا، نڑ والا روڈ پر جناح کالونی میں بارش کی وجہ سے ٹی آر گارڈر کی خستہ حال گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں نو ماہ کی بچی مدیحہ فاطمہ دختر شہزاد ملبے تلے دب کر جانبحق ہو گئی، جڑانوالہ روڈ پر ستارہ پارک سٹی میں بارش کی وجہ سے گھر کی دیوار گر گئی، دیوار گرنے سے تین سالہ بچی سویرا ایمان دختر عمران موقع پر جان بحق اور 29 سالہ اقراء زوجہ عمران شدید زخمی ہو گئی۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔جمعہ کی صبح لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، اچھرہ ، قرطبہ چوک ، چوبرجی و اطراف سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ۔ ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر ڈویژنز میں طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں۔ جبکہ سمندری میں بادل کھل کر برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہو گیا جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ بارش سے بجلی کے بعض فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر بجلی معطل ہو گئی۔