23بجلی چور گرفتار : 8لیسکو اہلکار برخاست ، ایک جبری ریٹائر
پیرمحل+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ نامہ نگار) 2صارفین بجلی چوری کرتے ہو ئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ فیسکو کی ٹاسک فورس ٹیم نے اچانک چھاپہ مارتے ہوئے 2صارفین عالم شیر ولد حسن خاں اور محمد عمران ولد محمد رمضان ساکنان 184گ ب کو مبینہ طور پر بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ متعلقہ تھانہ پولیس نے فیسکو کے آفیسر عبدالسلام کی رپورٹ پر ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہو ئے کارروائی کا آغاز کر دیا۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری،24گھنٹوں کے دوران 21ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ 453 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 127 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 20کمرشل، 8زرعی اور 424 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 3لاکھ 39ہزار 7سو 72 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ 15لاکھ 67ہزار 6سو 93روپے ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر محکمے میں موجود خراب کارکردگی کے حامل 9اہلکاروں کو سزا سنا دی گئی۔ ایکسئین شالیمار کی جانب سے 8اہلکاروں کو نوکری سے برخاست جبکہ ایک کو جبری ریٹائر کر دیا گیا۔ سزا پانے والوں پر بجلی چوری، اوور بلنگ، غیر قانونی کنکشن فراہم کرنے اور بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سمیت دیگر الزامات تھے۔ نوکری سے برخاست ہونے والوں میں ایل ایس 1 محمد شعیب، ٹرک ڈرائیور محمد اصغر، میٹر ریڈر اعظم مقبول، زاہد ریاض، ایل ایم 2 آصف سلیم نواز، شہباز حسین، ایل ایس2 ذیشان اسلم اور رانا غلام شامل ہیں۔ ایم ایس 2گلزار احمد کو نوکری سے جبری ریٹائرڈ کیا گیا۔