• news

افغانوں کو  سعودی عرب میں مختلف مشن سے ہزاروں پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا‘ 2افسر گرفتار

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹس کی اکثریت سعودیہ میں قائم مختلف مشنز سے جاری ہونے کا انکشاف ہوا۔ مبینہ کرپشن کے عوض افغان شہریوں کو جاری پاسپورٹس کے معاملے میں نیا رخ سامنے آیا۔ افغان شہریوں کو کراچی کے صدر پاسپورٹ آفس کے علاوہ عوامی مرکز، ملیر اور ٹھٹھہ کے دفاتر سے بھی پاسپورٹ جاری ہوئے، کراچی میں صدر پاپسورٹ دفتر سے غیرملکیوں کو جاری پاسپورٹس کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے۔ غیر ملکیوں کو جاری پاسپورٹس کی اکثریت سعودیہ میں مختلف مشنز سے جاری ہوئی، غیرملکیوں کو 11 ہزار کے قریب پاسپورٹ 2010ء سے 2012ء کی مدت میں جاری ہوئے، گم شدہ پاسپورٹس کی جگہ جاری پاسپورٹ میں جعل سازی کرکے بیرون ملک دوسرے افراد کو دئیے گئے۔ غیرملکیوں کو پاپسورٹ اجرا کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور ایف آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے سی ٹی ڈبلیو نے کراچی پاسپورٹ دفتر کے سپرنٹنڈنٹ اور سابق افسر کو گرفتار بھی کیا، غیرملکیوں کو پاسپورٹ اجرا کے معاملے میں نادرا کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن