• news

پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینا یا نہ دینا انتظامیہ کا فیصلہ: وزیر قانون 

اسلام آباد؍ حافظ آباد (این این آئی) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینا یا نہ دینا انتظامیہ کا فیصلہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انتظامیہ، انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ کے مطابق ترنول کا علاقہ حساس ترین ہے۔ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامیہ ہائی الرٹ ہوتی ہے۔ دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پاکستان تحریک انصاف کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت نہ دینے کی وجوہات بتا دیں اور کہا کہ سکیورٹی الرٹ کے مطابق محرم کے دوران دہشتگرد کارروائیوں کے خطرات ہیں۔ ترنول کا علاقہ گنجان آباد ہے اور ہوائی اڈے، جی ٹی روڈ، موٹر وے تک رسائی کا اہم مقام ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینے سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مقامی افراد کی شکایت اور سکیورٹی اداروں کی رپورٹ پر جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن