• news

یوتھ انقلاب برپا کریگی‘ ملک کو اشرافیہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے: حافظ نعیم

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ طاقتور طبقات کی نوجوانوں کی سوچ پر پہرے بٹھا کر انہیں دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،یقین ہے یوتھ ملک میں انقلاب برپا کرے گی، وطن کے نوجوانوجماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے، اپنا حق لے کر رہیں گے، ملک کو ظالم اشرافیہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ اسلامیہ کالج پشاور یونیورسٹی میں بنو قابل پروگرام خیبر پی کے کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران خود مراعات سمیٹ رہے ہیں، عوام کو صحت، تعلیم سے محروم کردیا گیا، تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس کی بھرمار کردی گئی، سوشل میڈیا پر پابندی ہے، پروفیشنلز ملک چھوڑ رہے ہیں، بنو قابل پروگرام آئی سیکٹر میں انقلاب لائے گا، کراچی کے بعد کے پی میں پروگرام کا آغاز کردیا، عوام کے حق کے لیے پرامن مزاحمتی تحریک بھی چلائیں گے۔جماعت اسلامی کے بنوقابل پروگرام میں کے پی کے35اضلاع سے ہزاروں طلبا وطالبات نے ٹیسٹ دیا، کامیاب ہونے والے نوجوانوں کوآئی ٹی کی مفت ٹریننگ دی  جائے گی۔ ٹیسٹ میں ضم شدہ قبائلی علاقوں سے بڑی تعداد میں سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ تقریب میں پروفیسر ابراہیم، عنایت اللہ خان، خالد وقاص اور دیگر قائدین بھی شریک ہوئے۔ امیر جماعت نے کہا کہ بنوقابل پروگرام کے تحت سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے ایک لاکھ اساتذہ کو بھی ٹرینڈکریں، نصاب تیار کرکے اساتذہ کو فراہم کیا جائے گا تاکہ یہی ٹرینڈ اساتذہ آگے پچاس لاکھ بچوں کو کمپیوٹر و آئی ٹی تربیت فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ  اسلام آباد میں 12جولائی کو مہنگی بجلی،گیس، پٹرولیم لیوی میں اضافہ اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف دھرنا ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن