• news

وزیر داخلہ سے امریکی وفد کی ملاقات، کوالیفائڈ نرسز کو ملازمت کیلئے امریکہ بھجوانے پر اتفاق

 اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستانی نرسز کو امریکہ بجھوانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس اور ان کے وفد نے اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت، پولیسنگ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ضروری پراسس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کے لئے نیویارک بجھوانے پر اتفاق کیا گیا اور اس ضمن میں طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نیویارک کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں کوالیفائیڈ نرسز کی کمی ہے اور پاکستان میں اس حوالے سے بہت پوٹینشل ہے، دوطرفہ اشتراک کار کے فروغ سے دونوں ملکوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی مثبت بات چیت ہوئی، اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے سلوویٹ کوپر کو برطانیہ کا وزیر داخلہ مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ ایک اہم کامیابی ہے جس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن