اربوں پتی سرمایہ کاروں کے اکٹھ میں پرانی ٹیپ چلائی گئی: عطا تارڑ
اسلام آباد( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ آج اربوں پتی سرمایہ کاروں کے اکٹھ میں پرانی ٹیپ چلائی گئی اور تضادات سے بھرپور تقریریں دیکھنے کو ملیں، یہ ماضی میں اقتدار کی کرسی سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے ہیں، وزیراعظم، وزیر پٹرولیم اور وزیر خزانہ رہنے والے آج کئے گئے اعلانات پر اقتدار کے عہدوں پر رہتے ہوئے عمل کیوں نہ کر سکے؟ گزشتہ روز عوام پاکستان پارٹی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تضادات سے بھرپور تقریریں کرنے والے ماضی میں اقتدار کی کرسی سے بھرپور لطف اندازو ہوتے رہے۔ عوام سوال کرتی ہے کہ جب ملک کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان تھے تب آپ کیوں خاموش تھے؟، وزیراعظم، وزیر پٹرولیم اور وزیر خزانہ رہنے والے آج کئے گئے اعلانات پر اقتدار کے عہدوں پر رہتے ہوئے عمل کیوں نہ کر سکے؟ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں میں وفا جیسی صفت نہ ہو، وہ اقدار کی سیاست کیا کریں گے؟ ایک جانب کہتے ہیں کہ اقتدار ہماری منزل نہیں اور ساتھ ہی اپنے آپ کو مسیحا بھی قرار دیتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) جب جب اقتدار میں آئی اس نے عوام کے معیار زندگی اور ملکی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی کابینہ دن رات پاکستان کو معاشی میدان میں ابھرتا ہوا ملک بنانے کیلئے اپناحصہ ڈال رہے ہیں۔