• news

مقبوضہ کشمیر: تلاشی کارروائیاں جاری، برہان وانی کی برسی کل، قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ، پوسٹرز چسپاں

سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں پوسٹرزچسپاں کئے گئے ہیں جن کے ذریعے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اور انکے ساتھیوں کو شہادت کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو 8 جولائی 2016 کو اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کیاتھا۔ بھارتی فورسز نے ان کے قتل پر مقبوضہ علاقے میں شروع ہونے والے انتفادہ کے دوران 150 سے زائد مظاہرین کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کردیاتھا،مقبوضہ علاقے کے کئی مقامات پرچسپاں کیے جانے والے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ '' برہان مظفر وانی اور دیگر شہداء￿  کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید جموںوکشمیرپر بھارت کے غیر قانونی طور پر قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے برہان وانی کی شہادت کی آٹھویں برسی کے سلسلے میں سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید رہنما کو کشمیری نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔ دوسری جانب ضلع کٹھوعہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے تلاشی کی کارروائی ضلع کے ایک گائوں میں ایک شخص کے کھیت میں سرنگ کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد شروع کی ہے۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔ علاوہ ازیں  ضلع کپواڑہ میں ایک بچی ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہے۔ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کپواڑہ کے علاقے نوگام ہندواڑہ کے رہائشی شفیق خان کی کمسن بیٹی دریائے ماور میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہے۔مقامی لوگوں نے بچی کی لاش کو دریا سے نکال لیا ہے جبکہ پولیس اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ ادھر ضلع بڈگام کے علاقے ریشی پورہ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔ جبکہ  میر واعظ عمر فاروق نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما میں بجلی کی بڑے پیمانے پرلوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کشمیری عوام کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ قابض حکام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کشمیریوں کو پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مسلسل ناکام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن