• news

 کراچی کو بوری بند نعشوں کا تحفہ دینے والے شہر کیلئے ماتم کنا ں، ترجمان سندھ حکومت 

کراچی (آئی این پی )سندھ حکومت کے ترجمان گھنور خان اسران نے کہا ہے کہ کراچی کو بوری بند لاشوں کا تحفہ دینے والے آج شہر کے لیے ماتم کناں ہیں، جب کہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کو تباہ کرنے والے مصطفی کمال ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان اور رکن قومی اسمبلی مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں سندھ حکومت کے ترجمان گھنور خان اسران نے کہا کہ بطور سٹی ناظم مصطفی کمال نے بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو بلدیاتی اداروں میں بھرتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری میں 250 معصوم انسانوں کو زندہ جلانے والے متحدہ کے بھرتی کردہ ملازمین تھے، کراچی پر ایم کیو ایم کی حکمرانی بدعنوانی، بھتہ خوری، تشدد، بوری بند لاشوں اور سیکٹرز کے نام پر ٹارچر سیلوں پر مبنی رہی ہے۔ گھنور خان اسران کا کہنا تھا کہ ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں رکاوٹ ڈالنے اور صنعتوں کو ملک بدر کروانے میں متحدہ کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کے عوام کو ایک بار پھر گمراہ کن راستے پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پر برسوں تک دہشت سے راج کرنے والے ویسٹ مینجمنٹ، پانی کی قلت، اور پبلک ٹرانسپورٹیشن کے مسائل تک حل نہ کر سکے، ایم کیو ایم والے الزام تراشی سے پہلے ریکارڈ چیک کر لیا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن