• news

پن بجلی کی اضافی پیداوار سے خزانے کو 143 ارب 70 کروڑ کی بچت ہوئی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مالی سال 24-2023ء ملک میں ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہتر سال ثابت ہوا۔ واپڈا کے 22 پن بجلی گھروں سے مالی سال 24-2023ء کے دوران نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 34 ارب 43کروڑ 60لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی گئی۔ واپڈا پن بجلی کی یہ پیداوار مالی سال 23-2022ء کی نسبت 3ارب 26کروڑ 60لاکھ یونٹ زیادہ ہے۔ واپڈا نے پن بجلی کی اضافی پیداوار آبی ذخائر میں پانی کی بہتر صورتحال اور پن بجلی گھروں کے موثر آپریشن اور دیکھ بھال کی بدولت حاصل کی۔ واپڈا پن بجلی کی اضافی پیداوار سے ملکی خزانہ کو 143 ارب 70 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ملک بھر میں واپڈا پن بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباًساڑھے9ہزار میگاواٹ ہے۔ واپڈا پن بجلی ملک میں پیدا ہونے والی سستی ترین بجلی ہے۔ واپڈا پن بجلی کا ٹیرف محض 3روپے81 پیسے فی یونٹ ہے۔ جو صارفین کے لئے بجلی کا ٹیرف کم سطح پر رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن