• news

 شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس ،ماڈل بازار کمپنی ،ماڈل بازاروں کے امور کا جائزہ  

لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونیوالے اجلاس میں پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی اور ماڈل بازاروں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب کے مختلف شہروں میں 36 ماڈل بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔ ماڈل بازاروں میں معیاری اشیاء ضروریہ اوپن مارکیٹ سے 20سے 30فیصد کم نرخوں پر مل رہی ہیں جبکہ ان بازاروں میں اشیاء ضروریہ ڈی سی ریٹ سے 10فیصد کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔ ہزاروں خاندانوں کا روزگار بھی ان بازاروں سے وابستہ ہے۔ صوبائی وزیر نے گجرات کے ماڈل بازار کی اپ گریڈیشن کاپلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ماڈل بازاروں میں سکیورٹی اور صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔سی ایف او پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نوید رفاقت نے ماڈل بازاروں کے بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ ہرسال 50ملین سے زائد لوگ ماڈل بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ ماڈل بازاروں میں دکانوں کی الاٹمنٹ شفاف طریقے سے بزریعہ قرعہ اندازی ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن