• news

بورڈ آف گورنرز اجلاس، پی سی بی کا بجٹ منظور: کپتان، ڈومیسٹک کرکٹ پر مشاورت کیلئے سابق کرکٹرز طلب

 لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+ اپنے سٹا ف  رپو رٹر سے )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا  72 واں اجلاس منعقد ہواجس میں مالی سال25۔ 2024 کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری دی گئی ۔ڈویلپمنٹ بجٹ سے قذافی سٹیڈیم، نیشنل سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کیلئے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے 4 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں ۔پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے 12  گراونڈز کی خود دیکھ بھال کریگا۔پاکستان بھر میں 100 گرانڈز کے عملے اور دیکھ بھال کیلئے فنڈز بھی پی سی بی دیگا۔ڈومیسٹک کرکٹ کے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی ۔ویمن کرکٹ کا بجٹ پہلی بار 70 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کر دیا گیا،ویمن کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری دیدی ۔اجلاس میں اگلے برس پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے بارے بریفنگ دی گئی ۔ قذافی سٹیڈیم ، نیشنل سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر بھی بریف کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا جائیگا۔ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن سے شائقین کیلئے سہولتیں بہتر ہوں گی،چیمپئنز ٹرافی کیلئے انٹرنیشنل معیار کے مطابق انتظامات کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹس اور میچوں کے نئے وینیوز پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈومیسٹک اور ویمن کرکٹ کو مضبوط بنانے کیلئے کئے گئے ْ۔اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ بابراعظم کی کپتانی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹریکچر پر مشاورت کیلئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈنے سابق کرکٹرز کو لاہور طلب کرلیا۔  قومی ٹیم کیلئے بابراعظم کی کپتانی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج 30سے 35 انٹرنیشل کرکٹرز سے ملاقات کریں گے۔ سابق کرکٹرز سے ڈومیسٹک سسٹم پر فیڈ بیک کے بعد تجاویز پر عمل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کے نام سے شروع ہونے والے تین نئے ٹورنامنٹ پر بھی کرکٹرز کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ قبل ازیں محسن نقوی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی سے متعلق ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروادی ہے جبکہ کپتان بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن