ڈاکٹر عارف علوی نے ڈینٹل پریکٹس شروع کر دی: واپسی پر خوش ہیں‘ بیٹے کا ایکس پر پیغام
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صدارتی مدت پوری کرنے کے 8 ماہ بعد ڈینٹل پریکٹس شروع کر دی۔ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیٹے، عواب علوی نے سماجی رابطے کی سائٹس ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی واپسی پر بہت خوش ہیں اور وہ فعال طور پر مشاورت اور دانتوں کے علاج کر رہے ہیں۔ یاد رہے ڈاکٹر عارف علوی دندان سازی میں 55 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں، عواب علوی نے پیغام میں مزید لکھا کہ پاکستان کے 13ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد، وہ اپنے مریضوں سے دوبارہ رابطہ قائم کرنے اور دانتوں کی معیاری دیکھ بھال جاری رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔