• news

شدید بارش، چھتیں گرنے سے ماں بیٹی ملتان، شاہکوٹ میں لڑکا جاں بحق، ہرنائی، سبی کا رابطہ منقطع

ننکانہ+ کمالیہ+ کوئٹہ+ سکردو (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) لاہور، مری سمیت کئی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ پنجاب کے ضلع ملتان، پاک پتن، بھکر، رحیم یار خان اور بہاولنگر سمیت کئی شہروں میں رات گئے بارش ہوئی۔ مری کے بالائی اور نشیبی علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث اندھیرا چھا گیا۔ تیز ہوا کے ساتھ برسات سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ دریں اثناء ننکانہ کی تحصیل شاہکوٹ میں دربار روڈ کے رہائشی منظور احمد راٹھور کے گھر کی چھت کر گئی جس کے نتیجہ میں منظور احمد کا چار سالہ بیٹا غلام مرتضیٰ جان کی بازی ہار گیا جبکہ 9 سالہ بیٹا غلام مصطفی اور 7 سالہ بیٹی سعدیہ بی بی شدید زخمی ہو گئی۔ کمالیہ شہر اس کے مضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کے باعث بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی اور نشیبی علاقے زیرآب آنے سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان کے چوک شہیداں نالہ ولی محمد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے گھر کے افراد نیچے دب گئے۔ ملبے تلے دب جانے سے ماں بیٹی دم توڑ گئیں جبکہ باب اور بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں صائمہ بی بی اور چار سالہ بیٹی ثانیہ شامل ہیں جبکہ پچاس سالہ ریاض اور معراج کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ شدید بارش کے باعث بلوچستان کے علاقہ ہرنائی  کا سبی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ ریلوے لائن بھی متاثر ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں سے ہرنائی کے کئی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ سیلابی صورتحال سے سنجاوی کے قریب ہرنائی سبی سڑک بھی متاثر ہوئی۔ سکردو میں گلیشیئر پگھلنے سے آنے والے سیلاب نے برگی نالے کے قریب دو درجن سے زائد مکانات، سینکڑوں کنال اراضی، فصلوں اور درختوں کو تباہ کر دیا جس کے باعث درجنوں گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔حیدر آباد کے علاقے بھٹی گوٹھ میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد دب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 5 بچے شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن