اسرائیل میں مظاہرے، وزرا کے گھروں کے سامنے دھرنے، جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ
تل ابیب (انٹرنیشل ڈیسک) تل ابیب میں اسرائیلی حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور مظاہرین کی جانب سے جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور نئے انتخابات کا مطالبہ کیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے بعض مقامات پر آگ لگا کر سڑک بند کر دی جبکہ پولیس نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب اسرائیل، حماس جنگ کے 9 ماہ مکمل ہونے پر اسرائیل میں آج سے ایک ہفتے کے لیے حکومت مخالف احتجاج کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو حکومت مخالف قوتوں نے اس احتجاج کو "مزاحمت کا ہفتہ" یعنی مزاحمت کے 7 دن کا نام دیا ہے۔ ان مظاہروں کے دوران اسرائیل کی بڑی شاہراہوں کو بند کر دیا جائے گا اور ساتھ ہی تل ابیب میں موجود ملٹری ہیڈکواٹر کے سامنے بھی احتجاج کیا جائے گا۔ وزراء کے گھروں کے سامنے دھرنے دیئے گئے۔ شرکاء نے ’’مکمل ناکامی‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔