• news

نیا اسلامی سال مبارک، آیئے اختلاف بھلا کر احترام، رواداری، افہام و تفہیم کو فروغ دیں: صدر، وزیراعظم

 اسلام آباد( خبر نگار خصوصی ) صدر آصف علی  زرداری نے  پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو نئے اسلامی سال1446ھ کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے  دعا کی ہے کہ یہ ہجری سال ہمارے ملک کیلئے امن ، خوشحالی اور استحکام کا باعث بنے ۔ آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت اور فضیلت کا حامل ہے، نئے اسلامی سال کا آغاز ہمیں گناہوں سے بچنے ، اتباعِ الہی کرنے اور دینِ اسلام کی تعلیمات پر غور کرنے کی یاددہانی کراتا ہے۔ یہ مہینہ دین کی سرفرازی کی خاطر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے وفا شعار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی بھی یاد تازہ کرتا ہے اور  یہ ماہِ مکرم ہمیں اطاعتِ الہی، ظلم کیخلاف ڈٹ جانے اور حق کی فتح کی خاطر بڑی سے بڑی مصیبت کے باوجود ثابتِ قدم رہنے کا بھی درس دیتا ہے ۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے اندر اخوت، صبر اور برداشت کی خصوصیات پیدا کریں اور باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ یہ نیا سال ملک پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو۔  وزیراعطم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میری دعا ہے اس نئے سال میں پوری دنیا میں جہاں جہاں بھی مسلمان مصیبتوں کا شکار ہیں ان کے لیے اللہ رب العزت بے شمار آسانیاں پیدا کرے۔  بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر چھائے ظلم و جبر کے اندھیرے چھٹ جائیں اورمسلمان بہن بھائیوں کی زندگی ترقی و خوشحالی سے روشن کر دے۔ حق و باطل کے معرکے میں آلِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے رہتی دنیا تک امر ہوئے۔ آئیں عہد کریں کہ ہم اپنے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کی طرف سے قائم کردہ اعلیٰ صفات کی تقلید کرنے کی کوشش کریں گے۔ آئیے ہم اپنے اختلافات سے قطع نظر رواداری، افہام  و تفہیم اور ایک دوسرے کے لیے احترام کو فروغ دیں۔ آئیے ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں جو سماجی انصاف، مساوات اور ہمدردی کے اصولوں کو برقرار رکھے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ  میں آج کے دن رب کے بے پایاں کرم پر اس کا شکر گزار ہوں کہ پاکستان کی معاشی مشکلات میں کمی ہوئی اور معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ ہمیں عام آدمی کی زندگی کو مزید آسان بنانے، ملک میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کروانے کیلئے ابھی مزید محنت کرنا ہے۔میری یہ بھی دعا ہے کہ یہ نیا سال پاکستان کے ہر گھر میں برکتیں، امن اور خوشحالی لائے اور ہم اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک قوم کے طور پر متحد ہوجائیں اور اپنے پیارے ملک کے روشن مستبقل کے لیے کام کریں۔ پاکستان پائندہ باد!۔

ای پیپر-دی نیشن