• news

وزیر داخلہ نے بجلی اووربلنگ کے ذمہ داروں، منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹڈ صارفین کی اوور بلنگ کی بڑھتی ہوئی  شکایات  کا سخت نوٹس   لیتے ہوئے  پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ کرنے والے افسروں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  وزیر داخلہ نے  اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیئے  ہیں۔ پروٹیکٹیڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔ اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے صارفین پر  کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔   وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پروٹیکٹیڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں،  پروٹیکٹیڈ صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات کا  ازالہ کیا جائے۔ دوسری طرف محسن نقوی نے کہاہے کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اپنے بچوں کے لیے سب نے پوری قوت اور پختہ عزم سے اس لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہے۔ اتوار کو وزارت داخلہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف  ہیڈ کوارٹر کا دورہ  کیا۔ ان کا ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا۔ محسن نقوی کو اے این ایف کی کارکردگی، افعال کار اور آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف موثر کریک ڈائون کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے جامع پلان طلب کر لیا گیا۔ سرکاری و نجی یونیورسٹیز، کالجز اور ہاسٹلز میں  منشیات خصوصاً آئس کی خرید و فروخت روکنے کے لئے بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں صوبوں سے مشاورت کی جائے گی اور اعتماد میں لیا جائے گا۔ وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں  منعقد ہو گا۔ صوبوں کے وزراء ایکسائز اور آئی جیز پولیس کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس  میں منشیات کی آن لائن خرید و فروخت روکنے کے لیے بھی پلان طلب کیا گیا۔ وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی  نے اے این ایف کو سائبر ڈرگ کنٹرول میکنزم تیار کرنے کی  ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن