• news

حکومت کو بجلی قیمتوں،بھاری ٹیکسوں کے فیصلے کو واپس لینا ہو گا:لیاقت بلوچ 

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ لیسکو سمیت دیگر بجلی ترسیل کمپنیوں کے اہلکاروں کی جانب سے بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کو اضافی یونٹس اضافی بل بھیجے گئے جو کہ ظلم پر ظلم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ نے ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کا عندیہ دیا ہے تو یہ نتیجہ خیز ہونا چاہیے اور حکومت فی الفور بجلی صارفین کے بلز میں اضافی یونٹس، اوور بلنگ ختم کرنے کے احکامات جاری کرنے اور صارفین کو حقیقی صرف شدہ یونٹس کے مطابق نئے بلز جاری کیے جائیں۔ انہوںنے کہا بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے،ٹیکس میں اضافے کیخلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخ ساز دھرنا ہو گا۔ عوام، تاجر، صنعتکار، کسان، ملازم پیشہ وار طبقے نے آئی ایم ایف کے حکومتی بجٹ کو مسترد کر دیا ہے۔حکومت کو بجلی قیمتوں،بھاری ٹیکسوں کے فیصلے کو واپس لینا ہو گا۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی 12 جولائی کو ڈی چوک اسلام اباد میں دھرنا دے گی۔ہم قوم کی آواز بلند کر رہے ہیں،12جولائی کو عوام باہر نکلیں اور اسلام آباد پہنچیں۔ ہمارا پر امن دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے خیر کی توقع نہیں ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکمرانوں سے چھین کر ریلیف حاصل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھرنے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن