ڈپٹی کمشنر ٹوبہ کا درباراکرم علی شاہ کو اوقاف کے حوالے کرنے کا حکم
ٹوبہ ٹیک سنگھ(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمدنعیم سندھو نے رجانہ میں اٹھنے والے مذہبی انتشار کو ختم کرتے ہوئے دربار عالیہ پیر سید اکرم علی شاہ سمندری روڈ کو محکمہ اوقاف کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا، فیصلہ سے مریدین بشمول بیرسٹر طاہر نواز خان آف انگلینڈ کا ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمدنعیم سندھو اور علی امداد پرسنل سیکرٹری صدر آصف علی زرداری سے اظہار تشکر،انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جو فیصلہ دربار عالیہ کے متعلق لیا ہے وہ نہایت خوش آئند ہے اور اس فیصلہ سے علاقے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور جو خطرہ نقص امن کو لاحق تھا اس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے،اس نقص امن کے خدشات کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے گدی نشین پیر سید محسن امیر شاہ صاحبزادہ پیر سید مبشر حسین شاہ گیلانی کی درخواست پر دربار عالیہ کو محکمہ اوقاف پنجاب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیئے اور اس ساری کارروائی کے متعلق ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم نے سیدہ مدثرہ آف کینیڈا صاحبزادی پیر اکرم شاہ سے تفصیلی بات چیت کی اور صاحبزادی سیدہ مدثرہ نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کو دربار عالیہ اور جملہ مریدین کے لیے ایک بہترین فیصلہ قرار دیا اور ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی ہے کہ ابرار حسین کے خلاف دربار کے تقدس کو پامال کرنے اور دربار کی عمارت کو نقصان پہنچانے اس کی بے حرمتی کر کے لاکھوں مریدین کے جذبات کو مجروح کرنے کے تحت مقدمہ درج کر کے پولیس کو کارروائی کرنے کا حکم صادر فرمائیں تاکہ مستقبل میں شر پسندوں کو عبرت حاصل ہو۔