روس میں گرمی کی شدید لہر، 49 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک
ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روس کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی سے شہری بلبلا اٹھے اور ملک بھر میں نہاتے ہوئے ڈوبنے کے 68 واقعات رپورٹ ہوئے‘ جس کے نتیجے میں 7 بچوں سمیت 49 افراد ہلاک ہو گئے۔ روس کی وزارت ہنگامی صورتحال نے پیغام رسانی کی ایپ ٹیلیگرام میں بتایا کہ ملک بھر میں واٹر باڈیز کے پاس گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہریوں کے ڈوبنے کے 65 واقعات رجسٹر ہوئے اور 49 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق روس میں گزشتہ ہفتے ایک صدی سے زیادہ عرصے بعد سب سے زیادہ گرم دن ریکارڈ کیا گیا تھا‘ جس میں 1917 کا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا اور روس کے شہروں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا۔ روس کی ہائیڈرو میٹیورولوجی سروسز نے بتایا کہ ملک کے اکثر جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے اور چند ایک مقامات میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ (104 فارن ہائیٹ) تک جانے کی پیش گوئی ہے۔ ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ روس کے وسطی علاقے نیزھنے نووگورود کے دریائے وولگا میں ڈوب کر 10 سالہ بچی دم توڑ گئی اور اس کی 6 سالہ بہن لاپتہ ہو گئی تاہم غوطہ خور ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔ وزارت ہنگامی امداد نے بتایا کہ دریائے وولگا اور اورال پہاڑیوں کے درمیان واقع بشکیریا ریجن میں 3 افراد ڈوب کر ہو گئے‘ جن میں ایک 16 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔